تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم اکتوبر: دہلی ہائی کورٹ نے جیل میں بند بنیاد پرست ایم پی امرت پال سنگھ کی مجوزہ سیاسی جماعت ‘وارث پنجاب دے’ کے اندراج کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس سوربھ بنرجی کی بنچ نے الیکشن کمیشن کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔ مقدمے کی اگلی سماعت 4 نومبر کو ہوگی۔آج سماعت کے دوران وارث پنجاب دے کی طرف سے پیش سینئر ایڈوکیٹ میناکشی اروڑا نے کہا کہ پنجاب میں اسمبلی انتخابات مارچ 2027 میں ہونے والے ہیں اور الیکشن کمیشن جنوری 2026 سے انتخابات کا عمل شروع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے آخر تک الیکشن کمیشن کو ‘وارث پنجاب دے’ کی درخواست پر فیصلہ کرنا چاہیے۔ اس پر الیکشن کمیشن کی طرف سے پیش ہوئے وکیل سنجے وششٹ نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق تشویش کا ایک اہم مسئلہ ‘وارث پنجاب دے’ سے منسلک ہے۔ اس کے بعد عدالت نے کہا کہ آپ فیصلہ کریں کہ ‘وارث پنجاب دے’ کی درخواست پر کیا کرنا ہے، لیکن اسے لٹکائیں نہیں۔ آپ کو ایک ٹائم لائن مقرر کرنی ہوگی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ جواب داخل کرنا چاہتا ہے۔

