تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 02 اکتوبر: انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون تیجندر سنگھ نے ضلع جموں میں سلامتی اور پولیس انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور زمینی سطح پر پولیس کی موجودگی بڑھانے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں سرمائی موسم کے پیش نظر تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پی نے افسران کو تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور موسم سرما کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی بڑھانے، باقاعدگی سے پیدل گشت کرنے، علاقے میں مؤثر نگرانی رکھنے اور ناکہ چیکنگ میں اضافہ کرنے پر زور دیا تاکہ جرائم اور سماج دشمن سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ تیجندر سنگھ نے زیرِ تفتیش مقدمات کی تحقیقات جلد مکمل کرنے اور زیرِ التوا مقدمات کو نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے عادی جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر احتیاطی کارروائی پر بھی زور دیا۔

