چلتی بس پر فائرنگ کرنے والے دو بدمعاش پولیس انکاونٹر میں گرفتار، ایک کے پیر میں لگی گولی

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

غازی آباد، 2 اکتوبر: اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں تھانہ مسوری پولیس نے جمعہ کی صبح ایک پولیس تصادم کے دوران دو شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی فائرنگ میں ایک بدمعاش کے پیر میں گولی لگی ہے۔دونوں بدمعاشوں نے 28 ستمبر کو دہلی-بدایوں روٹ پر چلنے والی مسافر بس پر فائرنگ کی تھی۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر مسوری سنیل کمار سنگھ نے بتایا کہ 28 ستمبر کو دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر ہائی ٹیک اسکول کے سامنے دہلی سے بدایوں جانے والی مسافر بس پر دو بدمعاشوں نے فائرنگ کی تھی۔ اس معاملے میں تھانہ مسوری میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس ملزمان کی تلاش کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک اطلاع کی بنیاد پر تھانہ مسوری پولیس اور سوات ٹیم نے پولیس انکاونٹرکے بعد اس واقعے میں ملوث دونوں ملزمان انس (26) اور ندیم (23) کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کی فائرنگ میں انس کے پیر میں گولی لگی ہے۔ ان کے قبضے سے ایک دیسی پستول، ایک طمنچہ، کارتوس اور ایک اسکوٹی برآمد کی گئی ہے۔پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمان نے بس پر فائرنگ کرنے کی بات قبول کی ہے۔ ان کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔