تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حضرت شاہ محمد عبدالحفیظ قادریؒ تیغی کی یاد میں سالانہ عرس کا انعقاد؛ محبت، رواداری، قومی یکجہتی اور خدمتِ خلق کے پیغام کو عام کرنے پر رہے گا زور
حاجی پور/ویشالی (شرافت خان): ہندوستان کی تہذیب و ثقافت کی تاریخ اولیائے کرام اور صوفیائے عظام کی انسان دوست تعلیمات کے بغیر نامکمل ہے۔ ان بزرگوں نے محبت، اخلاص، رواداری، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کے ذریعے معاشرے میں امن و ہم آہنگی کا پیغام عام کیا۔ اسی روشن صوفی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے خانقاہِ حفیظیہ نیورا شریف، ضلع مظفرپور، بہار میں یکم نومبر 2026ء، بروز اتوار، سالانہ عرسِ حفیظی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگا۔یہ جانکاری شاعر اسلام جناب مقبول احمد شہوازپوری نے دی ہے، بتایا کہ عرس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ہندوستان جیسے کثیرالمذاہب اور کثیرالثقافتی ملک میں باہمی احترام، مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کی اہمیت مسلم ہے۔ صوفیائے کرام نے اپنے کردار و عمل سے یہ پیغام دیا کہ مذہبی، لسانی اور تہذیبی اختلافات کے باوجود انسانیت کا رشتہ مضبوط رکھا جا سکتا ہے۔ زبانیں مختلف ہو سکتی ہیں، عبادت کے طریقے جدا ہو سکتے ہیں، لیکن محبت، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے تقاضے تمام انسانوں کے لیے یکساں ہیں۔ موجودہ دور میں صوفیائے کرام کی تعلیمات کی معنویت مزید بڑھ گئی ہے۔ ان کی محبت آمیز روایت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت نفرت اور تقسیم میں نہیں، بلکہ اتحاد، انصاف، بھائی چارے اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہے۔ خانقاہوں کا پیغام انسانوں کے دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں اخوت و رواداری کو فروغ دینے کا پیغام ہے، جس کی اہمیت آج بھی برقرار ہے۔ اسی روشن روحانی روایت کی ایک قابلِ ذکر کڑی خانقاہِ حفیظیہ نیورا شریف ہے، جہاں حضرت الحاج شاہ محمد عبدالحفیظ قادریؒ تیغی کی یاد میں سالانہ عرسِ حفیظی کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ آپ، حضرت تیغ علی شاہؒ، شہنشاہِ صوفیائے ترہوت کے خلیفہ تھے۔ آپ کی روحانی نسبت ایسے سلسلۂ تصوف سے وابستہ ہے جو اصلاحِ نفس، محبتِ رسول ﷺ، حسنِ اخلاق اور خدمتِ انسانیت کی تعلیم دیتا ہے۔ عرس محض ایک سالانہ تقریب نہیں، بلکہ اپنے روحانی اسلاف کی تعلیمات کو یاد کرنے، ان کے اخلاق و کردار سے رہنمائی حاصل کرنے اور محبت و اخلاص کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کا ایک بابرکت موقع ہے۔ اولیائے کرام کی حقیقی یاد اسی وقت بامعنی ہوتی ہے، جب ان کی تعلیمات انسان کو غرور سے عاجزی، نفرت سے محبت اور خود غرضی سے خدمتِ خلق کی طرف راغب کریں۔ خانقاہِ حفیظیہ سے وابستہ خانوادے کی ایک قابلِ قدر خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے افراد اپنی معاشی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ سماجی و ملی ضروریات سے بھی وابستہ رہتے ہیں۔ روزگار اور ملازمت کے مختلف شعبوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے معاشرتی مسائل، عوامی ضروریات اور لوگوں کے دکھ درد کا احساس رکھنا اس بات کی علامت ہے کہ روحانی نسبت کو عملی زندگی سے جوڑنا بھی ضروری ہے۔ تصوف دنیا سے فرار کا نام نہیں، بلکہ دنیا میں رہتے ہوئے اپنے کردار کو بہتر بنانے، فرائض کو دیانت داری سے ادا کرنے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا نام ہے۔ خانقاہ کی عظمت صرف اس کی عمارت، محفل یا روحانی نسبت سے نہیں، بلکہ اس کے وابستگان کے اخلاق، خدمت اور معاشرے پر مثبت اثرات سے بھی پہچانی جاتی ہے۔ خانقاہِ حفیظیہ نیورا شریف کے سجادہ نشیں علامہ مولانا پروفیسر الحلاج شاہ محمد سمیع القادری کی صدارت میں عرسِ مقدس کی تیاریاں جاری ہیں۔ توقع ہے کہ یہ روحانی اجتماع عقیدت مندوں کے لیے روحانی فیض و برکت، اصلاحِ نفس، سماجی اتحاد اور صوفیانہ اقدار کی تجدید کا ذریعہ ثابت ہوگا۔
اس بابرکت موقع پر دیوانِ غوث و خواجہ، وابستگانِ سلسلۂ قادریہ و تیغیہ، اہلِ محبت، عقیدت مندانِ اولیائے کرام اور تمام اہلِ وطن سے پُرخلوص شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ عقیدت مندوں سے گزارش ہے کہ وہ اس روحانی اجتماع میں شریک ہو کر اولیائے کرام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور محبت، رواداری، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ حضرت الحاج شاہ محمد عبدالحفیظ قادریؒ تیغی کے درجات بلند فرمائے، خانقاہِ حفیظیہ کو علم و معرفت، محبت و اخلاص اور خدمتِ خلق کا مرکز بنائے، سجادہ نشیں اور تمام وابستگان کو صحت و عافیت کے ساتھ دین و انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے ملک ہندوستان کو امن، اتحاد، انصاف، بھائی چارے اور خوش حالی کا گہوارہ بنائے۔
آمین یا رب العالمین۔

