ویدانتا دہلی ہاف میراتھن کے راستے میں تبدیلی، اوپن 10 کلومیٹر دوڑ کے وقت میں بھی ترمیم

تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 اکتوبر: ویدانتا دہلی ہاف میراتھن کے 21ویں ایڈیشن سے قبل منتظمین نے دوڑ کے راستے میں معمولی تبدیلی کی ہے۔ اتوار، 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والی اس میراتھن میں 41 ہزار سے زائد رنرز کی شرکت متوقع ہے۔ اس سال تمام دوڑوں کا آغاز اور اختتام جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ورلڈ ایتھلیٹکس گولڈ لیبل روڈ ریس میں شامل اس مقابلے کا انعقاد پروکیم انٹرنیشنل کررہا ہے۔ منتظمین کے مطابق ہاف میراتھن کے راستے میں 10 سے 13 کلومیٹر کے درمیان تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اوپن 10 کلومیٹر دوڑ اور معذور کھلاڑیوں و بزرگ شہریوں کی دوڑ کے آغاز کے اوقات میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔
نئے راستے کے مطابق، رنرز کرتویہ پتھ سے بائیں مڑ کر سیوا تیرتھ سرکل کی جانب جائیں گے۔ اس کے بعد مولانا آزاد روڈ پر بائیں مڑیں گے اور یو ٹرن لے کر سیوا تیرتھ سرکل کے آس پاس سے ہوتے ہوئے رفیع مارگ کی طرف بڑھیں گے۔ یہاں سے دائیں مڑ کر دوبارہ کرتویہ پتھ پر واپس آجائیں گے۔
پہلے کے راستے میں رنرز کرتویہ پتھ سے دائیں مڑ کر ریل بھون، سنسد مارگ اور پٹیل چوک کی جانب جاتے تھے، لیکن اس مرتبہ اس راستے کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔