تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
علاقے میں گزشتہ چند دنوں سے پیدا ہونے والی مسلکی اختلافی صورتِ حال کے پیشِ نظر باہمی امن، بھائی چارے اور اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم اپیل جاری کی گئی ہے۔ اس اپیل کے ذریعے تنظیم علمائے کونسل، تنظیم علمائے حق، بریلوی و دیوبندی مسلک سے وابستہ تمام علمائے کرام، ذمہ داران، بزرگوں اور نوجوانوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ صبر و تحمل، افہام و تفہیم اور باہمی مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو ختم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ جس کو لیکر سنیچر کے روز کشن گنج میں مفتی اطہر جاوید رکن ضلع پریشد کشن گنج، مشتاق عالم سابق پرمکھ ٹھاکرگنج مع راجد رہنما اور دیگر مقامی سماجی کارکن نے مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس کر جانکاری دی۔ انہوں نے اپیل میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فریق ایک دوسرے کے خلاف مناظرے، بحث و مباحثے یا ایسے پروگراموں کا انعقاد نہ کرے جس سے مسلکی اختلافات میں شدت پیدا ہو اور علاقے کا امن و اتحاد متاثر ہو۔ اس کے علاوہ کسی بھی مسلک کے جذبات کو مجروح کرنے والی تصاویر، ویڈیوز، پوسٹس یا قابلِ اعتراض مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر اور وائرل کرنے سے بھی مکمل اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اپیل میں علمائے کرام اور ذمہ داران سے خصوصی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے علمی مقام اور سماجی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو محبت، رواداری، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیں اور مذاکرات کے ذریعے اس معاملے کا باعزت اور پُرامن حل نکالنے میں پہل کریں۔ نوجوانوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ جذباتیت سے گریز کریں اور بزرگوں و علمائے کرام کے احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے کسی ایسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں جس سے علاقے کا ماحول خراب ہو۔ اپیل کنندگان نے کہا کہ مسلکی اختلافات اپنی جگہ، لیکن انسانیت، محبت، احترام اور بھائی چارہ ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔ موجودہ ملکی اور بالخصوص صوبہ بہار کی حساس صورتِ حال میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز سرگرمی نہ صرف سماجی دوریوں اور نفرت کو بڑھا سکتی ہے بلکہ امن و امان کے ساتھ قانونی و انتظامی پیچیدگیاں بھی پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اپیل کا مقصد کسی ایک فریق کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں، بلکہ دونوں مسلکوں کے درمیان امن، اتحاد اور باہمی احترام کو برقرار رکھنا ہے۔ خواہش ظاہر کی گئی کہ معاملے کو مزید طول دینے کے بجائے افہام و تفہیم کے ساتھ یہیں ختم کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگ پہلے کی طرح محبت اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
یہ اپیل مفتی اطہر جاوید، رکن ضلع پریشد کشن گنج و صدر آل انڈیا تنظیم علماء، رجسٹرڈ، دہلی اور مشتاق عالم، سابق پرمکھ ٹھاکرگنج و راجد رہنما، ٹھاکرگنج، محمد شاداب غیور سماجی کارکن وغیرہ کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔ اس موقع پر بالخصوص سماجی کارکن ڈاکٹر نور عالم، عثمان غنی، مولانا جید کے علاوہ درجنوں مقامی سماجی کارکن موجود تے۔ آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ وہ تمام لوگوں کے دلوں میں محبت، اخلاص اور رواداری پیدا فرمائے اور علاقے، صوبہ بہار سمیت پورے ملک میں امن و امان قائم رکھے۔

