تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 5 نومبر: مہاراشٹر میں سرکاری ملازمتوں کے بھرتی امتحانات کو زیادہ شفاف، محفوظ اور قابل اعتماد بنانے کے لیے قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی نے اپنی عبوری رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے۔ 4 ستمبر 2026 کے سرکاری فیصلے کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی نے ریاست کے مختلف علاقوں کے طلبہ اور متعلقہ فریقوں سے مشاورت کرکے ان کی تجاویز اور مطالبات کا جائزہ لیا۔ فوری توجہ طلب معاملات پر کمیٹی نے اسامیوں میں اضافے، عمر کی حد میں رعایت اور امتحانی انتظامات کی سکیورٹی مضبوط بنانے کی سفارش کی ہے۔
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے گروپ سی مشترکہ ابتدائی امتحان 2026 کے لیے تقریباً 12 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ فی الحال 5 ہزار سے زائد اسامیوں کا اشتہار جاری ہے، جبکہ مختلف محکموں نے مزید 11 ہزار سے زائد اسامیوں کی مانگ کمیشن کو بھیجی ہے۔ کمیٹی نے اضافی اسامیاں تصحیحی اشتہار کے ذریعے شامل کرکے مجموعی تعداد 16 ہزار سے زیادہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
کمیٹی نے تمام بھرتی امتحانات کے امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں ایک مرتبہ خصوصی طور پر ایک سال کی رعایت دینے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ یہ رعایت 1 جنوری 2026 کے بعد جاری ہونے والے ایسے اشتہارات پر نافذ ہوگی جن کی انتخابی کارروائی شروع نہیں ہوئی، نیز 31 دسمبر 2027 تک جاری ہونے والے اشتہارات پر بھی لاگو ہوگی۔ اضافی اسامیوں اور عمر کی رعایت سے اہل ہونے والے امیدواروں کو موقع دینے کے لیے گروپ سی امتحان کی درخواستیں ایک مرتبہ دوبارہ کھولنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیٹی نے گروپ سی ابتدائی امتحان کے موجودہ طریقہ کار اور نصاب کو برقرار رکھنے، نئے شامل ہونے والے عہدوں کے مرکزی امتحان کا نصاب جلد جاری کرنے اور پہلے سے شروع کردہ سوالناموں کی تیاری منسوخ کرکے محفوظ طریقے سے نئے سوالنامے تیار کرنے کی سفارش کی ہے۔

