تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کوکراجھار (آسام)، 26 نومبر: سون کوش سے سادیا تک الگ بوڈولینڈ ریاست کے مطالبے کو لے کر کوکراجھار میں ’بوڈولینڈ اسٹیٹ ڈیمانڈ کمیٹی‘ نامی ایک نئی تنظیم تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کی قیادت میں آئندہ دسمبر میں دہلی میں ایک قومی مذاکرہ منعقد کیا جائے گا۔ کمیٹی نے جی کے پلّئی کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بوڈو برادری کے دیرینہ سیاسی حقِ خود ارادیت اور الگ ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے مقصد سے بدھ کی دیر شام کوکراجھار کے دیوَرگاؤں میں واقع بوڈولینڈ شہدا کے یادگارکے احاطے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بوڈو قومی تنظیموں، ان کی معاون تنظیموں، دانش وروں اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر الگ بوڈولینڈ ریاست کی تحریک کو نئی رفتار دینے کے لیے ’بوڈولینڈ اسٹیٹ ڈیمانڈ کمیٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں بوڈو نیشنل اسٹوڈنٹس یونین (بنسو)، آل بوڈولینڈ سینئر سٹیزنز فورم، بوڈو رائٹرز اکیڈمی، ایکس والنٹیئر فورس، بوڈولینڈ ٹرائبل پروٹیکشن فورم، آل آسام ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین، یونائیٹڈ ٹرائبل آرگنائزیشن آف آسام، گاؤں بْڑھا ایسوسی ایشن، یونائیٹڈ بوڈو پیپلز فورم، یونائیٹڈ ایکس این ڈی ایف بی اور بوڈو نیشنل پارٹی (بی این پی) کے نمائندے شریک ہوئے۔

