تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کشن گنج پولیس نے گلگلیا تھانہ علاقے میں گھر میں نقب زنی اور چوری کے معاملے کا محض 24 گھنٹے کے اندر انکشاف کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر چوری کیے گئے سونے جیسی دھات کے زیورات اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق، کھوشی ڈانگی وارڈ نمبر 12 کے رہنے والے مہادیو مہتو نے 24 نومبر کو گلگلیا تھانے میں درخواست دے کر گھر میں چوری کی شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 نومبر کی شام تقریباً 6:30 بجے وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں تالا لگا کر باہر گئے ہوئے تھے۔ رات تقریباً 9:30 بجے جب واپس گھر لوٹے تو دیکھا کہ گھر کی الماری کا تالا ٹوٹا ہوا تھا۔ نامعلوم چوروں نے الماری سے تقریباً 25 گرام سونا، 100 گرام چاندی کے زیورات اور نقد رقم چوری کر لی تھی۔اس سلسلے میں گلگلیا تھانہ کیس نمبر 116/26، مورخہ 24 نومبر 2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 303(2)، 305(a) اور 331(4) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا. معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کشن گنج کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار کی ہدایت پر سب ڈویژنل پولیس افسر-2 کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ اور تکنیکی تفتیش کی بنیاد پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر کھوشی ڈانگی کے رہنے والے رونق کمار (18 سال)، ولد موتی لال مہتو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے گھر سے چوری کے زیورات اور 540 روپے نقد برآمد کیے گئے۔ برآمد شدہ سامان میں سونے جیسی دھات کے دو جھمکے، کان کے دو ٹاپس، دو بالیاں، ایک منگ ٹیکا اور ایک نتھنی شامل ہیں۔ گرفتار ملزم کو کشن گنج کی معزز عدالت میں پیش کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس کارروائی میں ایس ڈی پی او-2 منوج کمار سنگھ، سرکل پولیس انسپکٹر پنکج کمار پنت، ضلع انٹیلی جنس یونٹ کے انچارج محمد مشتاق، گلگلیا تھانہ انچارج روی شنکر کمار سمیت گلگلیا تھانہ اور ضلع انٹیلی جنس یونٹ کے دیگر پولیس افسران اور اہلکار شامل تھے۔

