مہنگائی کے خلاف کانگریس کا احتجاج، پیل خانہ بازار میں عوامی مظاہرہ

تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی پریشان، حکومت سے فوری راحت کا مطالبہ
ہوڑہ، 23/ نومبر (محمد عمران) روزمرہ استعمال کی اشیا اور سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف آج شمالی ہوڑہ کے پیل خانہ بازار میں کانگریس کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مغربی بنگال پردیش کانگریس کے احتجاجی پروگرام کے تحت ہوڑہ صدر کانگریس کے صدر پارتھو سارتھی بھومک کی ہدایت پر وارڈ نمبر 16 (24) میں منعقدہ اس مظاہرے میں کارکنوں نے مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے عوام کو درپیش معاشی مشکلات پر حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام خاندانوں کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مہنگائی کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ کانگریس کارکنوں نے قیمتوں پر قابو پانے، عوام کو مہنگائی سے راحت دینے اور عام لوگوں کی معاشی پریشانیوں کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر ہوڑہ ضلع کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری مولانا منصور قادری نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزمرہ ضرورت کی اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے غریب اور متوسط طبقے کے خاندان سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت کو عوام کے مسائل محض اعداد و شمار کے بجائے زمینی حقیقت کی بنیاد پر سمجھتے ہوئے قیمتوں میں اضافے پر روک لگانے اور عوام کو فوری راحت پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کے بنیادی مسائل پر خاموش نہیں رہے گی اور مہنگائی کے خلاف اس کی جدوجہد جاری رہے گی۔
پیل خانہ بازار میں ہونے والے اس احتجاج میں نازنین بانو، انتخاب عالم، اکبر ربانی، عمران ہاشمی سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان اور مقامی افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کی۔