جھنجھنو میں کرنٹ لگنے سے سڑک کی تعمیر میں مصروف آٹھ مزدوروں کی موت، ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرائی مشین

تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جھنجھنو، 2 نومبر: راجستھان کے ضلع جھنجھنو کے ادے پورواٹی علاقے کے چھاپولی گاؤں میں پیر کے روز سڑک کی تعمیر کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ قدم کنڈ راستے پر کام کر رہی روڑی ملانے والی مشین اوپر سے گزرنے والی 11 ہزار وولٹ کی ہائی ٹینشن بجلی کی لائن سے ٹکرا گئی۔ مشین میں کرنٹ پھیلنے سے وہاں کام کر رہے مزدور اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ پانچ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے حادثے میں مزدوروں کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ادے پورواٹی تھانہ انچارج رامپال کے مطابق سڑک کی تعمیر کے دوران روڑی اور بجری ملانے کے کام میں مصروف مشین اچانک ہائی ٹینشن بجلی کی لائن سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد مشین میں کرنٹ دوڑ گیا اور آس پاس کام کر رہے مزدور اس کی زد میں آ گئے۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔ پانچ مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تین مزدوروں نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موت کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غصہ پھیل گیا۔ بڑی تعداد میں لوگ جائے حادثہ پر جمع ہو گئے اور دھرنا شروع کر دیا۔
وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے حادثے میں مزدوروں کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ متعلقہ افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج، متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن مدد فراہم کرنے اور واقعے کی تحقیقات کے احکامات دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مرحومین کی روحوں کی تسکین، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور غمزدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا کرنے کی دعا بھی کی۔