تاثیر22 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مرادآباد، 22 نومبر: اترپردیش کے مرادآباد ریلوے اسٹیشن پر جن نایک ایکسپریس میں سیٹ کو لے کر ہنگامہ ہو گیا۔ چھٹھ پوجا منانے کے بعد لدھیانہ واپس لوٹ رہے ایک خاندان کی سیٹ کو لے کر جی آر پی سپاہیوں سے تکرار ہو گئی۔ الزام ہے کہ جی اار پی سپاہیوں نے خواتین اور ان کی بیٹیوں کے ساتھ بدتمیزی کی اور مخالفت کرنے پر ان کی پٹائی بھی کی۔ ٹرین میں موجود مسافروں نے جب متاثرہ خواتین کا ساتھ دیا تو پولیس اہلکاروں نے انہیں بھی نہیں بخشا۔ نجیب آباد میں جی آر پی نے انہیں ٹرین سے اتار لیا اور متاثرین کے خلاف ہی رپورٹ درج کر لی۔ ٹرین کے اندر ہوئی مارپیٹ کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق، ہفتہ کے روز ایک خاتون اپنی 3 بیٹیوں کے ساتھ بہار کے شیو راج پور سے چھٹھ پوجا منانے کے بعد جن نایک ایکسپریس کے ذریعے لدھیانہ واپس لوٹ رہی تھی۔ الزام ہے کہ مرادآباد ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کے روانہ ہونے کے بعد جی آر پی کے 2 پولیس اہلکار، جن کے نام اجے کمار اور ساگر بتائے گئے ہیں، اپنی جان پہچان کی 2 خواتین مسافروں کو زبردستی سیٹ دلوا رہے تھے۔ ایک خاتون کو سیٹ مل گئی تھی، لیکن دوسری کو سیٹ دلوانے کے دوران تکرار ہو گئی۔ نجیب آباد ریلوے اسٹیشن پر خاتون روبی، زوجہ شرما پرساد، ساکن شیو راج پور، بہار، ان کی 3 بیٹیوں لکشمی، خوشی اور سنیتا کے ساتھ ان کی مدد کرنے والے پکو اور چندن کو بھی ٹرین سے اتار لیا گیا۔ دونوں پولیس اہلکاروں سے خاتون کے حق میں بات کر رہے تھے۔

