انسانی حقوق کمیشن کی مداخلت سے حیدرآباد کی سینٹرل جیل میں ’جینڈر نیوٹرل سیل‘ قائم

تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 نومبر: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کی مداخلت کے بعد حیدرآباد کی مرکزی جیل انتظامیہ نے مختلف صنفی شناخت اور اظہار رکھنے والے افراد(ٹرانس جینڈر اور ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی) کے لیے ایک مخصوص ’جینڈر نیوٹرل سیل‘ قائم کیا ہے، تاکہ ان کے وقار اور انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کمیشن کے مطابق جیل حکام نے اس خصوصی سیل میں رکھے جانے والے افراد کو ان کی پسند اور شناخت کے مطابق ’مناسب لباس‘ پہننے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ یہ قدم کمیشن کے خصوصی انسپکٹر کے 8 اکتوبر کو جیل کے دورے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ خصوصی انسپکٹر کو ٹرانس جینڈر اور ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے حقوق سے متعلق معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے ٹرانس جینڈر افراد کی فلاح و بہبود کے لیے قومی انسانی حقوق کمیشن اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط اور مشاورتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے پر زور دیا تھا۔