شمالی ہندوستان میں مغربی ہواؤں کے دباؤکا اثر، جنوبی ہندوستان میں شدید بارش کا الرٹ

تاثیر7 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 7 نومبر: ملک کے مختلف حصوں میں موسمی سرگرمیوں میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ شمالی ہندوستان میں جہاں سردی اور دھند کا اثر بڑھ رہا ہے، وہیں جنوبی ہندوستان میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ دہلی-این سی آر میں آئندہ تین دنوں کے دوران صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر میں 8 سے 10 نومبر کے دوران صبح کے وقت ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 30 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 16 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ 11 سے 13 نومبر کے درمیان مغربی ہواؤں کے دباؤ (ویسٹرن ڈسٹربنس) کے اثر سے دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں بعض مقامات پر ہلکی اور چھٹ پٹ بارش ہونے کا امکان ہے۔