مہاراشٹر میں شدید خشک سالی کے پیش نظر راج ٹھاکرے نے شیواجی پارک کا دیپ اتسو منسوخ کردیا

تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 4 نومبر: مہاراشٹر میں شدید خشک سالی اور دیہی علاقوں میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران کے پیش نظر مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے اس سال ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقد ہونے والا دیپ اتسو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے دیوالی سادگی سے منائیں اور آتش بازی اور غیر ضروری چراغاں سے گریز کریں۔ ان کے مطابق ہر سال شیواجی پارک میں شاندار روشنیوں اور آتش بازی کے ساتھ دیپ اتسو منایا جاتا ہے، جسے دیکھنے ممبئی، تھانے اور ریاست کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں لیکن اس مرتبہ خشک سالی کے دوران ایسی تقریبات مناسب نہیں ہیں۔
راج ٹھاکرے نے کہا کہ مہاراشٹر انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں پانی کی قلت سنگین ہوتی جارہی ہے اور خواتین اور بچوں سمیت بڑی آبادی پانی اور معاشی مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ ایسے وقت میں شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر جشن منانا مناسب نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بھی 1972 سے زیادہ سنگین خشک سالی کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔ اس کے باوجود بعض سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے تقریبات منعقد کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے شہریوں سے دیہی علاقوں کے لوگوں کی مشکلات سمجھنے اور حساسیت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
ایم این ایس اصدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ خشک سالی کے باعث دیہی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ شہروں کی طرف نقل مکانی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اپیل سیاہ دیوالی منانے کی نہیں بلکہ موجودہ بحران کے پیش نظر جشن کی شان و شوکت اور آتش بازی محدود رکھنے کی ہے۔ شہری گھروں میں دیے اور قندیل روشن کریں، مٹھائیاں اور فرال تقسیم کریں اور روایتی انداز میں تہوار منائیں، تاہم ضرورت سے زیادہ روشنی اور پٹاخوں سے پرہیز کریں۔