نیوزی لینڈ کے عظیم رگبی کھلاڑی کیون میلامو نے روہت، کوہلی اور گل کو پیش کی خصوصی جرسی

تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

آکلینڈ، 04 نومبر:آکلینڈ میں بدھ کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹیم انڈیا کے پہلے ایک روزہ میچ سے قبل ایک خاص لمحہ اس وقت نظر آیا جب نیوزی لینڈ کے سابق عظیم رگبی کھلاڑی کیون میلامو نے ہندوستانی کپتان شبھمن گل، روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو خصوصی طور پر تیار کردہ جرسی پیش کیں۔بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’کھیل شروع ہونے سے قبل ایک خاص لمحہ۔ کپتان شبھمن گل، وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی نیوزی لینڈ رگبی کے عظیم کھلاڑی اور ممتاز شخصیت کیون میلامو سے ملاقات ہوئی جنہوں نے ان کھلاڑیوں کوان کے نام کی خصوصی رگبی جرسی پیش کی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کیون میلامو کو نیوزی لینڈ کی مشہور رگبی ٹیم آل بلیکس کے بہترین ہْکر کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے کھیلوں کے حلقوں میں ایک مقبول اور قابل احترام شخصیت ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کی اس ملاقات نے مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی احترام کی عکاسی کی۔
واضح ہو کہ آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔سال 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستان اس سیریز کو اپنی تیاریوں کے لیے اہم موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ اس مقابلے کے ساتھ ہی روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی 50 اوور کے فارمیٹ میں بھی واپسی ہوئی ہے۔