وی بی-جی رام جی کے تحت کنٹریکٹ ملازمین کے اعزازیے میں 8,000 روپے تک اضافہ

تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 27 نومبر:۔ مغربی بنگال حکومت نے ’وی بی-جی رام جی‘ اسکیم کے تحت کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو بڑی راحت دیتے ہوئے ان کے ماہانہ اعزازیے میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ملازمین کو بہتر معاوضہ، ملازمت کا تحفظ اور کام کی جگہ پر باعزت ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت نے اعزازیے میں اضافے کے ساتھ سالانہ انکریمنٹ، ملازمت کے تحفظ اور چھٹیوں سے متعلق کئی نئی سہولتوں کی منظوری دی ہے۔ یہ تمام نئے فوائد یکم نومبر 2026 سے نافذ تصور کیے جائیں گے۔جمعہ کو جاری سرکاری بیان کے مطابق، کنٹریکٹ ملازمین کے موجودہ ماہانہ اعزازیے اور ان کے تجربے کی بنیاد پر ماہانہ 6,000 سے 8,000 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت جن ملازمین کا موجودہ اعزازیہ 25,000 روپے تک ہے اور ان کی مدتِ ملازمت 10 سال سے کم ہے، ان کے اعزازیے میں 6,000 روپے کا اضافہ ہوگا، جبکہ 10 سال یا اس سے زیادہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے والے ملازمین کو 7,000 روپے اضافی ملیں گے۔