ہر پنچایت میں روزانہ صفائی اور کچرا اٹھانے کی ہدایت

تاثیر22 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تمام وارڈوں میں صفائی ملازمین کی باقاعدہ حاضری لازمی، کچرا جمع ہونے پر تصویر کے ساتھ بلاک دفتر کو دینی ہوگی اطلاع
سیتامڑھی( مظفر عالم)
نانپور بلاک علاقے میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے مقصد سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) نانپور کی صدارت میں ایک اہم جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں لوہیا سوچھ بہار ابھیان کے بلاک کوآرڈینیٹر، تمام پنچایتوں کے صفائی نگران، پنچایت سکریٹری اور پنچایت ایگزیکٹیو اسسٹنٹ نے شرکت کی۔ میٹنگ میں بلاک کی تمام پنچایتوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور منظم بنانے کے لیے روزانہ صفائی اور کچرے کے بہتر انتظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی ڈی او نے تمام سرکاری عمارتوں، اہم چوک چوراہوں اور عوامی ہاٹ بازاروں میں روزانہ صفائی کرانے اور کچرے کی باقاعدہ اٹھائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی تمام پنچایتوں کے ہر وارڈ میں صفائی ملازمین کی باقاعدہ حاضری لازمی قرار دی گئی۔ بی ڈی او نے کہا کہ صفائی محض ایک مہم نہیں، بلکہ اسے روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنانا ضروری ہے۔ اس کے لیے تمام متعلقہ ملازمین اپنے اپنے پنچایت علاقوں میں صفائی کے کاموں کو باقاعدگی سے انجام دیں اور اس کی نگرانی بھی کریں۔ صفائی نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے پنچایت ایگزیکٹیو اسسٹنٹس اور وکاس متروں کو بھی خصوصی ذمہ داری سونپی گئی۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ پنچایت علاقے میں کہیں بھی کچرا جمع نظر آئے تو متعلقہ مقام کی تصویر کے ساتھ فوری طور پر بلاک دفتر کو اطلاع دیں، تاکہ بلا تاخیر صفائی کرائی جا سکے۔ میٹنگ میں صفائی کے تئیں انفرادی ذمہ داری اور اجتماعی تعاون پر بھی زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں ہدایت دی گئی کہ بلاک دفتر اور پنچایت سطح پر کام کرنے والے نانپور بلاک کے مقامی ملازمین بھی مقررہ یوزر چارج ادا کرکے صفائی نظام کو بہتر بنانے میں اپنا تعاون یقینی بنائیں۔ بی ڈی او نے تمام افسران اور ملازمین سے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی اور مستعدی کے ساتھ انجام دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرے نانپور کی تعمیر صرف انتظامی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے اجتماعی ذمہ داری، مسلسل کوشش اور عوامی تعاون ضروری ہے۔ بلاک کی ہر پنچایت، ہر وارڈ اور ہر عوامی مقام کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔