پی سی سی سڑک کی تعمیر میں بے ضابطگی پر مشتعل مقامی لوگوں نے جونیئر انجینئر کا گھیراؤ کیا

تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پانچ انچ کے بجائے دو سے تین انچ ڈھلائی کرنے کا الزام، ایگزیکٹیو انجینئر کو موقع پر بلانے کا مطالبہ
سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفٰی) سمری پوسٹ آفس چوک سے تھانہ چوک تک تقریباً 85 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی پی سی سی سڑک کے کام میں بے ضابطگی کا الزام عائد کرتے ہوئے بدھ کے روز مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ مشتعل لوگوں اور عوامی نمائندوں نے تعمیراتی کام بند کرا کر محکمہ کے جونیئر انجینئر سروَجیت کمار کا گھیراؤ کیا اور ایگزیکٹیو انجینئر کو موقع پر بلانے کا مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں کا الزام تھا کہ تخمینہ کے مطابق سڑک کی پانچ انچ موٹائی میں ڈھلائی کی جانی ہے، لیکن ٹھیکیدار کے مزدور محض دو سے تین انچ ہی ڈھلائی کر رہے تھے۔ اس کی اطلاع ملنے پر مکھیا دنیش مہتو، سرپنچ اشوک پاسوان، پنچایت سمیتی رکن بیدھ ناتھ یادو عرف گڈو سمیت نریش منڈل، منوج مہتو، آکاش کمار اور بڑی تعداد میں لوگوں نے کام بند کرا دیا۔اطلاع ملنے پر جونیئر انجینئر سروَجیت کمار تعمیراتی مقام پر پہنچے۔ انہوں نے مزدوروں کے ذریعہ کیے جا رہے کام پر ناراضگی ظاہر کی۔ اس کے باوجود ایگزیکٹیو انجینئر کو موقع پر بلانے کے مطالبے پر بضد رہے۔ بعد ازاں جونیئر انجینئر نے خود زیر تعمیر سڑک کی کھدائی کرکے موٹائی کی جانچ کی اور جہاں بھی خامی پائی گئی، اسے درست کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
جونیئر انجینئر نے دیہاتیوں کی موجودگی میں خود کھڑے ہوکر تعمیراتی کام کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرایا۔ اس کے بعد دیہاتیوں کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔ پوچھے جانے پر جونیئر انجینئر سروَجیت کمار نے بتایا کہ وہ خود تعمیراتی کام کی نگرانی کر رہے تھے، لیکن بدھ کے روز موقع پر موجود نہ رہنے کے باعث مزدوروں سے انسانی بھول ہوگئی تھی، جسے فوری طور پر درست کرا دیا گیا ہے