تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہریدوار، 21 نومبر: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ماں ساوتری دیوی کی آخری رسوم ہفتے کے روز ہریدوار کے نمامی گنگے گھاٹ پر پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی کے سب سے چھوٹے بھائی مہندر سنگھ بشٹ نے چتا کو آگ دکھائی۔ والدہ کو آخری وداعی دیتے وقت یوگی آدتیہ ناتھ انتہائی جذباتی نظر آئے۔ ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے اور وہ بار بار اپنے آنسو پونچھتے دکھائی دیے۔
ساوتری دیوی کی میت ہفتے کی صبح ان کے آبائی گاؤں پنچور سے ہریدوار کے نمامی گنگے گھاٹ لائی گئی۔ یہاں آخری دیدار اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی اہم سیاسی رہنما، وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور سنت مہاتما پہنچے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی ساوتری دیوی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد پورے سرکاری اعزاز اور ویدک منتروں کی گونج میں آخری رسوم کی ادائیگی عمل میں آئی۔
اس موقع پر گھاٹ پر سینکڑوں افراد کا ہجوم جمع ہو گیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث گھاٹ پر بھیڑ کا دباؤ بڑھ گیا۔ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود پولیس اور انتظامیہ کو بھیڑ پر قابو پانے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی خود انتظامات سنبھالنے کے لیے لوگوں کے درمیان پہنچ گئے۔ وہ راستہ بنواتے اور بھیڑ کو منظم کرتے ہوئے نظر آئے۔

