مدراس ہائی کورٹ نے دو اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی اجازت دی، تین پر پابندی برقرار

تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 27 نومبر : تمل ناڈو میں خالی پڑی پانچ اسمبلی نشستوں میں سے دو پر ضمنی انتخابات کرانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ مدراس ہائی کورٹ نے امباسمدرم اور پیروندورئی اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے پر عائد پابندی ہٹا دی ہے۔ تاہم، تروچی ایسٹ، کرور اور ویرالی ملائی اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
مدراس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سْشروت اروند دھرمادھیکاری اور جسٹس جی ار ْل مرگن پر مشتمل بنچ نے معاملے کی سماعت کے بعد صرف امباسمدرم اور پیروندورئی اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے کی اجازت دی۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد ان دونوں نشستوں پر جلد ضمنی انتخابات کے اعلان کا امکان ہے۔
دراصل، تمل ناڈو کی پانچ اسمبلی نشستوں، تروچی ایسٹ، کرور، ویرالی ملائی، امباسمدرم اور پیروندورئی میں ضمنی انتخابات کے اعلان سے الیکشن کمیشن کو روکنے کے لیے ترونیل ویلی کے وکیل کے وینکٹاجلپتی نے مدراس ہائی کورٹ میں مفادِ عامہ کی عرضی دائر کی تھی۔ عرضی میں ان پانچوں اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے عمل پر پابندی لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔
ان اسمبلی حلقوں میں منتخب اراکین اسمبلی کے خلاف متعلقہ علاقوں کے ووٹروں اور انتخابات میں ان کے حریف رہنے والے اپوزیشن امیدواروں نے بھی مدراس ہائی کورٹ میں انتخابی عرضیاں دائر کی تھیں۔ ان میں تروچی ایسٹ سے جوزف وجے، امباسمدرم سے اساکی سْبّیا، پیروندورئی سے جے کمار، کرور سے ایم آر وجے بھاسکر اور ویرالی ملائی سے سی وجے بھاسکر کے انتخاب کو چیلنج کیا گیا تھا۔