تاثیر9 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) اتوار کی شب سہسرام میونسپل کارپوریشن کے محلہ مہدی گنج میں دیوالی کے موقع پر ایک خاندان کی خوشی اس وقت ماتم میں بدل گئی جب گھر کا چراغ ہی اچانک بجھ گیا ۔ مہدی گنج کے رہنے والے راجو کمار سنگھ کے 20 سالہ بیٹے روہت کمار کی موت ہوگئی ۔ واقعہ سے اہل خانہ غم میں ڈوب گئے ۔ واضح ہو کہ آج کی گزری شب لال گنج نہر کے پاس چائے پیتے ہوئے دوستوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا، یہ تنازعہ ایک گرما گرم بحث اور سنگین جسمانی جھگڑے میں بدل گیا، اطلاعات کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک دوست کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا و دیگر موقع سے ہی فرار بھی ہو گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سہسرام سٹی پولس اسٹیشن اور مفصل پولس اسٹیشن کی پولس جائے وقوعہ پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لاش کو فوری طور پر قبضے میں لے لیاو۔ پولس کے مطابق گزشتہ شب صدر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے بھی کردیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے ۔ اس واقعہ کے بارے میں سہسرام مفصل پولس اسٹیشن کے سربراہ راجیو رنجن رائے نے بتایا کہ مہدی گنج محلہ میں دوستوں کے درمیان معمولی جھگڑے کے دوران کل رات ایک نوجوان کی موت ہوگئی ۔ پولس نے جائے وقوعہ سے متعدد شواہد اکٹھے کر لئے ہیں اور ہر تفصیل سے تفتیش کر رہی ہے ۔ اس معاملے میں ایک نوجوان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے جس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔

