موتیہاری میں آج پیغامِ آزاد کانفرنس، تیاریاں مکمل؛ ملک کی سرکردہ شخصیات کی شرکت

تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

موتیہاری، 21 نومبر (خالد سیف اللہ): موتیہاری کے ضلع اسکول میدان میں آج، اتوار 22 نومبر کو پیغامِ آزاد کانفرنس منعقد ہوگی۔ کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صبح 10 بجے شروع ہونے والے اس اجتماع میں ملک کی متعدد علمی، مذہبی، سماجی اور تعلیمی شخصیات کے علاوہ ضلع اور قرب و جوار سے بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کی صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کریں گے۔
کانفرنس میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے آنے والے لوگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پپرا، چکیا، مہسی، کوٹوا اور کیسر یا کی جانب سے آنے والی بڑی گاڑیوں کے لیے گاندھی میدان میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ بنجریا، سگولی، رام گڑھوا، رکسول، آدھا پور اور چھوڑادانو کی جانب سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو ایم ایس کالج گراؤنڈ میں ٹھہرایا جائے گا۔ چھوٹی گاڑیوں کے لیے نر سنگھ بابا مٹھ کا احاطہ اور وی آئی پی گاڑیوں کے لیے ضلع اسکول کا احاطہ مختص کیا گیا ہے۔
شرکاء کی سہولت کے لیے پپرا اور سگولی ٹول پلازا پر کانفرنس میں آنے والی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس نہیں لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حفاظتی انتظامات کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ پیغامِ آزاد کانفرنس ایک تاریخی اجتماع ہوگا۔ ملک اور دنیا کے موجودہ حالات میں نئی نسل کو مہاتما گاندھی، مولانا ابوالکلام آزاد اور ملک کے دیگر مجاہدینِ آزادی کے افکار و نظریات اور ان کی قربانیوں سے واقف کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے حوالے سے عوام میں جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس اجتماع میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں مولانا محمد فضل الرحمان مجددی، ڈاکٹر ظہیر قاضی، مولانا انیس الرحمان قاسمی، ابو طالب رحمانی، مولانا عباس قاسمی، ڈاکٹر فیض قادری، پروفیسر افضل مصباحی، اور فیصل خان عرف خان سر سمیت ملک کی متعدد اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
منتظمین نے موتیہاری اور قرب و جوار کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج صبح 10 بجے ضلع اسکول میدان پہنچ کر پیغامِ آزاد کانفرنس میں شرکت کریں۔