راجستھان میں ریلوے ٹریک پر زوردار دھماکہ، دو سلیپر ٹوٹے؛ 45 منٹ پہلے گزری تھی پیسنجر ٹرین

تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شری گنگا نگر، 4 نومبر: راجستھان کے سرحدی ضلع شری گنگا نگر میں ریلوے ٹریک پر زوردار دھماکہ ہونے سے افرا تفری مچ گئی۔ انوپ گڑھ۔سورت گڑھ ریلوے لائن پر منگل کی رات تقریباً 9:45 بجے 50 جی بی گاؤں کے قریب ہوئے دھماکے سے ریلوے پٹری کے نیچے لگے سیمنٹ کے دو سلیپر ٹوٹ گئے۔ دھماکے کی آواز تقریباً 200 میٹر دور تک سنائی دی۔ راحت کی بات یہ رہی کہ اس واقعے سے تقریباً 45 منٹ پہلے ہی اسی ریلوے لائن سے ایک ٹرین گزر چکی تھی۔ اگر ٹرین دھماکے کے وقت وہاں سے گزرتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ ریلوے ٹریک کے نیچے لگے سیمنٹ کے دو سلیپر بری طرح متاثر ہو گئے۔ پٹریوں کو جوڑنے والے لاک کو بھی نقصان پہنچا اور ٹریک کے درمیان تقریباً دو فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔ واقعے کے بعد ریلوے لائن کی سلامتی کو لے کر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
رام سنگھ پور تھانے کے انچارج رام پرتاپ کے مطابق منگل کی رات تقریباً 8:30 بجے انوپ گڑھ جنکشن سے سورت گڑھ کی جانب مسافر ٹرین روانہ ہوئی تھی۔ یہ ٹرین رات تقریباً 9 بجے 50 جی بی گاؤں کے قریب سے گزری۔ اس کے تقریباً 45 منٹ بعد رات 9:45 بجے ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا۔