تاثیر28 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 نومبر: نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی اہم رہنماؤں نے ہفتہ کے روز عظیم سماجی مصلح مہاتما جیوتی راؤ پھولے کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور سماج میں مساوات، تعلیم اور انصاف کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو یاد کیا۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے کی پوری زندگی سماجی مساوات، انصاف اور تعلیم کے لیے وقف تھی۔ خواتین کی تعلیم کے علمبردار اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے والے مہاتما پھولے کا ایک جامع اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے کا عزم آج بھی نسلوں کو تحریک دیتا ہے۔ ایک منصفانہ اور ترقی پسند ہندوستان کی تعمیر کے اجتماعی سفر میں ان کے نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے نے اپنی پوری زندگی سماجی مساوات، تعلیم اور انسانی وقار کے لیے وقف کردی تھی۔ مہاتما پھولے نے اپنے دور میں رائج ذات پات کے امتیاز، چھوا چھوت، ناخواندگی اور صنفی عدم مساوات جیسی سماجی برائیوں کے خلاف آواز بلند کی۔

