تاثیر6 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 6 نومبر: مہاراشٹر میں تہواروں کے ماحول کے دوران نوی ممبئی کے کوپرکھیرنے علاقے میں جمعرات کی رات 2 نوجوان لڑکیوں پر سرعام فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں دونوں شدید زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اہم ملزم ارجن چوہان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی راکیش چوہان فرار ہے۔ دونوں زخمی لڑکیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ فائرنگ کی وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر کوپرکھیرنے کے سیکٹر 1 میں واقع ایس ایس 3 علاقے میں پیش آیا۔ 2 سہیلیاں ایک مکان کے باہر کھڑی تھیں کہ ملزمان نے اچانک ان پر گولیاں چلادیں۔ ایک لڑکی کے کان کے قریب گولی لگی، جبکہ دوسری لڑکی کی پیٹھ میں گولی پیوست ہوگئی۔ اچانک فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گولیوں کی آواز سن کر مقامی شہریوں میں افراتفری مچ گئی۔ دونوں لڑکیاں خون میں لت پت ہوکر جائے وقوعہ پر گر پڑیں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی باشندے مدد کے لیے پہنچے اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر واشی میں واقع نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

