تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفٰی) سمری تھانہ حلقہ کے سڑھواڑہ گاؤں میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعے میں شدید طور پر جھلسنے والے 18 سالہ کرش کمار شرما عرف کنہیا کی بدھ کی دیر رات پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ اس معاملے میں پولیس نے جمعرات کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دو نامزد ملزمین کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمین میں رام برکش داس کے بیٹے چندن کمار اور بالشور چودھری کے بیٹے نیپالی عرف روی شامل ہیں۔ وہیں تیسرے ملزم بلرام سہنی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 نومبر کی رات بھٹی چوک واقع چائے کی دکان پر تنازع کے دوران ملزمین نے کنہیا اور اس کے دوست شیوَم کمار کے جسم پر پیٹرول چھڑک دیا تھا۔ اسی دوران دکان کے چولہے سے دونوں کے جسم میں آگ لگ گئی، جس سے دونوں شدید طور پر جھلس گئے تھے۔ کنہیا کو بہتر علاج کے لیے پی ایم سی ایچ پٹنہ ریفر کیا گیا تھا، جہاں اس کی موت ہو گئی۔ جبکہ شیوم علاج کے بعد گھر واپس آ گیا ہے۔ بدھ کی دیر شام کنہیا کی لاش گاؤں پہنچتے ہی اہل خانہ میں چیخ و پکار مچ گئی سینکڑوں افراد متوفی کے گھر پہنچ کر غمزدہ خاندان کو تسلی دیتے رہے۔ دو بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑا کنہیا مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔ اس کی موت سے پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔ تھانہ انچارج اروند کمار نے بتایا کہ دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ تیسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری جاری ہے

