تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 04 نومبر: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اگنی پتھ اسکیم کے تحت چار سال کی مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہونے والے 75 فیصد اگنی ویروں کو مزید دو سال تک خدمات انجام دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے بعد انہیں مستقل فوجی خدمات میں شامل ہونے کا موقع بھی ملے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج وزارت دفاع کی اس تجویز کو منظوری دی۔ قومی میڈیا سینٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے بتایا کہ حکومت نے اگنی ویروں کے لیے ہندوستانی مسلح افواج میں شامل ہونے کا راستہ ہموار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ اسکیم کے تحت 25 فیصد اگنی ویروں کو اہلیت کی بنیاد پر مستقل فوجی دستوں میں بھرتی کیا جاتا ہے، جبکہ باقی 75 فیصد کو فوجی خدمات چھوڑنی پڑتی تھیں۔ اب کابینہ نے باقی 75 فیصد اگنی ویروں کو بھی دو سال کی توسیعِ ملازمت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اضافی دو سالہ مدت کی تکمیل کے بعد فوج میں شامل ہونے کے خواہش مند اگنی ویروں کو معروضی انتخابی معیار کی بنیاد پر مسلح افواج میں بھرتی کیا جائے گا۔

