تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چنئی، 27 نومبر: تمل ناڈو کے ضلع تروولّور میں دراوڑ منیتر کژگم (ڈی ایم کے) کی یوتھ ونگ کے سکریٹری اور چیپاک اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی ادے ندھی اسٹالن کی سالگرہ کا بینر لگاتے وقت بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے سے علاقے میں غم اور صدمے کی فضا ہے۔ زخمی نوجوان کا اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے تحت علاج کیا جا رہا ہے۔
آج ادے ندھی اسٹالن کی سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اسی مناسبت سے تروولّور ضلع کے وانی سَتّرَم علاقے میں ڈی ایم کے کے عہدیداروں کی جانب سے سالگرہ کی مبارک باد کا بینر لگایا جا رہا تھا۔ اس کام میں انا نگر کے رہنے والے ویر ویندر (22)، کارنی گاؤں کے ویلن (30) اور وانی سَتّرَم کے رہنے والے البرٹ (22) شامل تھے۔
بتایا گیا ہے کہ بینر لگانے کے لیے استعمال کیا جانے والا لوہے کا پائپ اچانک اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تار سے چھو گیا۔ اس سے پائپ میں کرنٹ دوڑ گیا اور تینوں نوجوان بجلی کا جھٹکا لگنے سے اچھل کر دور جا گرے۔

