یوپی بورڈ امتحان 2027: طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں ترمیم کا موقع، 12 نومبر تک کھلا رہے گا پورٹل

تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج، 02 نومبر: یوپی بورڈ کے سال 2027 کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شامل ہونے والے طلبہ کے لیے راحت کی خبر ہے۔ ثانوی تعلیمی کونسل نے طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں درج غلطیوں کو درست کرنے کا موقع دیا ہے۔ اس کے لیے 2 نومبر سے 12 نومبر 2026 کی نصف شب 12 بجے تک کونسل کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کھلا رہے گا۔ اسکولوں کے پرنسپل پورٹل پر لاگ اِن کرکے طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں ترمیم اور تازہ کاری کر سکیں گے۔
ثانوی تعلیمی کونسل کے سکریٹری بھگوتی سنگھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق طلبہ کے مضامین، زمرہ، نام، والدین کے نام کے ہجے، جنس، ذات، ذریعہ تعلیم (ہندی یا انگریزی) اور تصویر میں اصلاح کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ گیارہویں جماعت کے رجسٹریشن میں درج ہائی اسکول کے رول نمبر میں غلطی ہونے پر اسے بھی درست کرایا جا سکے گا۔
آن لائن ترمیم کے علاوہ بعض معاملات میں آف لائن درخواست دینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ طلبہ کی تاریخ پیدائش میں ترمیم، طالب علم اور والدین کے مکمل نام میں تبدیلی اور اسکول کے قواعد کے مطابق طلبہ کے ریکارڈ کو حذف یا بحال کرنے سے متعلق معاملات میں پرنسپل ضروری دستاویزات کے ساتھ ضلع اسکول انسپکٹر کے دفتر میں 16 نومبر تک درخواست جمع کرائیں گے۔