Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.
نئی دہلی، 2 جنوری : وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو ورچوئل میڈیم کے ذریعے ناگپور میں منعقدہ 108ویں نیشنل سائنس کانگریس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ اس سال کی سائنس کانگریس خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت کے ساتھ پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اس سال سائنس کانگریس کا مرکزی موضوع ‘خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ پائیدار ترقی کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی’ ہے۔
اس سال انڈین سائنس کانگریس میں کچھ انوکھے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ایک ‘چلڈرن سائنس کانگریس’ ہو گی۔ مکمل اجلاس میں نوبل انعام یافتہ، ہندوستانی اور غیر ملکی محققین اور خلائی، دفاع، آئی ٹی اور طبی تحقیق سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین اور ٹکنلوجی کے ماہرین شرکت کریں گے۔
مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، مرکزی وزراء نتن گڈکری، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام راشٹرسنت تکدوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے امراوتی روڈ کیمپس میں منعقد کیا جائے گا۔