چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کے بیان کے بعد پیدا ہوا سوال کیا بابر -رضوان کی جوڑی پاکستانی ٹیم میں نہیں ہوگی؟

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Jan.

لاہور ، 3 جنوری :رمیز راجہ کی رخصتی کے بعد سے پاکستان کرکٹ میں پھیر بدل تیز ہے۔ رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا نیا چیئرمین بنا یا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ میں کئی دوسری تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آئی ہیں، جیسے شاہد آفریدی کو سلیکشن کمیٹی کا عبوری چیئرمین بنایا گیا ہے۔ آفریدی یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایکشن موڈ میں نظر آئے ۔ حال ہی میں انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کیں جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی تقریباً چار سال بعد واپسی ہوئی۔ اب وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں تبدیلی کے موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں سلیکشن کے لیے کھلاڑیوں کے سامنے بڑا کلیہ پیش کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 135 سے کم اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے بلے باز کو ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے لیے منتخب نہیں کیا جائے گا۔شاہد آفریدی کے بیان کے بعد سے بحثیں تیز ہوگئی ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد مداحوں نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے ساتھی بلے باز محمد رضوان کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح دونوں کو خوب ٹرول کرتے نظر آ ئے ، جن میں اکثریت ہندوستانیوں کی ہے۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اسٹار بلے باز محمد رضوان دونوں کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ 130 سے کم ہے۔ بابر نے اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 41.41 کی اوسط اور 127.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3355 رنز بنائے ہیں۔ اس میں انہوں نے 2 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ اس کے علاوہ محمد رضوان اب تک 80 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 48.79 کی اوسط اور 126.62 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2635 رنز بنا چکے ہیں۔ اس میں ان کے بلے سے 1 سنچری اور 23 نصف سنچریاں نکلی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ دونوں کا اسٹرائیک ریٹ بہت اچھا ہے۔