زیورات کی دکان کا شٹر کاٹ کر نقدی سمیت بیس لاکھ مالیت کے زیورات کی چوری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.

سمستی پور مورخہ 5 دسمبر  (محمد خورشید عالم ) سمستی پور ضلع کے دلسنگھ سرائے تھانہ علاقہ کے تحت مالپور گاؤں واقع شنکر چوک کے قریب ماں درگا جیولرس نامی زیورات کی دکان سے تقریباً 20 لاکھ روپے کے زیورات کی چوری نامعلوم چوروں نے کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ چوروں نے گیس کٹر سے دکان کا شٹر کاٹ دیا جس سے دکان میں آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں دکان کے اندر رکھا تمام سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا، واقعہ کی اطلاع پر پہنچے دکاندار نے اہل علاقہ کی مدد سے دکان میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ واقعہ کل رات گیارہ بجے سے دو بجے کے درمیان کا بتایا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ دلسنگھ سرائے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش میں مصروف ہوگئی۔ دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی بھیڑ موقع پر جمع ہوگئی۔ لوگوں نے باہمی تعاون سے آگ پر قابو پالیا۔واقعے کے تعلق سے دکاندار دیویندر پرساد سونی نے بتایا کہ رات تقریباً آٹھ بجے وہ اپنی دکان بند کرکے گھر لوٹے تھے۔ صبح تقریباً 5 بجے مالپور گاؤں کے ایک جاننے والے نے اطلاع دی کہ اس کی دکان سے دھواں نکل رہا ہے اور اس کی دکان میں آگ لگی ہے۔ اطلاع ملنے پر جب وہ دکان پر پہنچا تو دیکھا کہ اس کی دکان کا شٹر کٹا ہوا تھا، دکان کے اندر رکھی سیف کو بھی گیس کٹر سے کاٹا گیا تھا جس سے آگ لگی ہوئی تھی۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے متحد ہو کر پانی وغیرہ سے آگ بجھائی۔ بتایا گیا ہے کہ دکان کے اندر رکھے 10 کیلو چاندی کے زیورات اور 300 گرام سونے کے زیورات غائب ہیں۔ جس کی قیمت تقریباً 20 لاکھ روپے ہوگی۔دوسری جانب واقعہ کی اطلاع پر پہنچے تھانہ صدر کم انسپکٹر سنیل کمار نے بتایا کہ چوری کے دوران بدمعاشوں نے شٹر کاٹنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کیا ہے۔ جس کی وجہ سے دکان میں آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں چوری ہونے والے زیورات کی کل رقم بھی دکاندار نے تحریری طور پر نہیں بتائی ہے۔ تخمینہ رقم تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے. آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جلد ہی بدمعاشوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔