Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.
نئی دہلی،5جنوری:دہلی ہائی کورٹ کو دہلی پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی طرف سے اگست 2020 میں ٹویٹر صارف کے جواب میں پوسٹ کی گئی ٹویٹ میں کوئی جرم نہیں پایا گیا، جس کے لیے ان کے خلاف POCSOکے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جسٹس انوپ جے رام کو دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہونے والی ایڈوکیٹ نندیتا راؤ نے بتایا کہ ایف آئی آر کے سلسلے میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں زبیر کا نام نہیں ہے۔یہ معاملہ زبیر کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ سے متعلق ہے، جس میں ایک صارف کی پروفائل تصویر شیئر کی گئی تھی، جس میں وہ اپنی نابالغ پوتی کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے اور پوچھتا ہے کہ’ نابالغ لڑکی کے چہرے کو دھندلا کرنے کے بعد، کیا اس کے لیے غلط زبان استعمال کرنا مناسب ہے؟کیا آپ کی پیاری پوتی سوشل میڈیا پر لوگوں کو گالی دینے کی آپ کی پارٹ ٹائم جاب کے بارے میں جانتی ہے؟میرا مشورہ ہے کہ آپ اپنی پروفائل پکچر تبدیل کریں‘۔ زبیر نے ٹویٹ کیا تھا۔اس کے بعد صارف نے زبیر کے خلاف اپنی پوتی پر سائبر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے متعدد شکایات درج کرائیں۔ زبیر کیخلاف دہلی میں درج ایف آئی آر میں، پی او سی ایس او ایکٹ، آئی پی سی کی دفعہ 509 بی، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 67 اور 67 اے کے تحت شکایت درج کی گئی تھی۔دہلی پولیس نے گزشتہ سال مئی میں عدالت کو مطلع کیا تھا کہ زبیر کیخلاف کوئی قابل شناخت جرم نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم، این سی پی سی آر نے بعد میں دلیل دی کہ پولیس کی طرف سے اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں فراہم کردہ معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ زبیر تحقیقات سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا اور مکمل تعاون نہیں کر رہا تھا۔جسٹس یوگیش کھنہ کی بنچ نے 9 ستمبر 2020 کو زبیر کو گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا تھا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سائبر سیل کو بھی اس معاملے میں کی گئی تحقیقات پر اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بنچ نے ٹویٹرانڈیا کو دہلی پولیس کے سائبر سیل کی طرف سے درج شکایت کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔اب اس معاملے کی آئندہ سماعت 2 مارچ 2023 کو عدالت نے مقرر کی ہے۔