محض پانج رن کے بعد’ ہٹ مین ‘کا ریکارڈسری لنکن کپتان توڑدیں گے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Jan.

ممبئی ،6جنوری : بھارت اور سری لنکا کے درمیان جاری T20 سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔ اب سیریز کا تیسرا اور آخری میچ دونوں ٹیموں کے لیے کرو یا مروجیسا ہی ہوگا۔ کوئی بھی ٹیم آخری میچ جیت کر سیریز جیت لے گی۔ اس تیسرے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا صرف 5 رنز بنا کر ایک بڑا ریکارڈ بنا سکتے ہیں اور وہ اس معاملہ میں ہندوستانی تجربہ کار بلے باز روہت شرما کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔دراصل ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ٹی 20 میچوں میں ہندوستانی بلے باز روہت شرما نے اب تک سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ وہ اب تک 19 میچوں کی 17 اننگز میں 24.17 کی اوسط اور 144.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 411 رنز بنا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکن کپتان نے انڈیاکے خلاف 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی 19 اننگز میں 31.30 کی اوسط اور 141.31 کے اسٹرائیک ریٹ سے 407 رنز بنائے ہیں۔ اب شناکا کو روہت شرما کا یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 5 رنز درکار ہیں۔سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جس طرح شاناکا نے 56 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اسے دیکھ کر امید کی جا رہی ہے کہ وہ اگلے میچ میں یہ بڑا ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ گزشتہ میچ میں انہوں نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ راج کوٹ کے سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم 2 رنز سے جیتی تھی اور دوسرا میچ 16 رنز سے ہاری تھی۔