Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th Jan.
نئی دہلی،12جنوری : ازبکستان میں بچوں کی موت کے بعد ڈبلیو ایچ او (عالمی ادارہ صحت) نے دو ہندوستانی کھانسی کے شربتوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ نوئیڈا کی کمپنی ’ماریون بائیوٹیک ‘ کے بنائے گئے دو کھانسی کے شربت ازبکستان میں بچوں کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔ عالمی ادارہ صحت کے طبی مصنوعات سے متعلق الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ماریون بائیوٹیک کی جانب سے تیار کردہ طبی مصنوعات معیار پر پورا نہیں اترتیں، لہذا انہیں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک الرٹ میں ڈبلیو ایچ او نے کہا ’’ڈبلیو ایچ او میڈیکل پروڈکٹ الرٹ دو غیر معیاری (آلودہ) مصنوعات کے حوالے سے ہے، جن کو ازبکستان میں غیر معیاری پایا گیا اور 22 دسمبر 2022 کو ڈبلیو ایچ او کو اس کی اطلاع دی گئی۔ غیر معیاری طبی مصنوعات معیار کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتیں، لہذا انہیں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘ڈبلیو ایچ او کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دو مصنوعات امبرونول اور ڈاک-1 میکس کھانسی کے شربت ہیں۔ ان دونوں مصنوعات کے مینوفیکچرر ماریون بائیوٹیک (اتر پردیش، انڈیا) بتائے گئے ہیں۔ اس مینوفیکچرر نے آج تک ڈبلیو ایچ او کو ان مصنوعات کی حفاظت اور معیار کے حوالے سے کوئی ضمانت نہیں دی ہے۔ڈبلیو ایچ او کے الرٹ میں مزید کہا گیا کہ ان دونوں مصنوعات کو خطے کے دیگر ممالک میں مارکیٹنگ کے حقوق حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہیں غیر رسمی بازاروں کے ذریعے دوسرے ممالک یا خطوں میں بھی تقسیم کیا جا سکتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق، جمہوریہ ازبکستان کی وزارت صحت کی نیشنل کوالٹی کنٹرول لیبارٹریز کے کھانسی کے شربت کے نمونوں کی جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں مصنوعات میں ڈائی تھیلین گلائکول اور/یا ایتھیلین گلائکول کی ناقابل قبول مقدار میں ملاوٹ کی گئی ہے۔