Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Jan.
کراچی ، 16جنوری: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے موقع پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔انگلینڈ کیخلاف انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری اور 97 واں ٹیسٹ میچ کھیلا اور اب اظہر علی لاہور میں مقامی کلبوں کی جانب سے میچز کھیل کر خود کو کرکٹ سے مربوط کیے ہوئے ہیں۔نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفت و شنید میںسابق کپتان اور کرکٹر اظہر علی نے بتایا کہ ابھی وہ فی الوقت کرکٹ کھیلتے رہیں گے، کاؤنٹی کرکٹ کے لیے وورسٹر شائر کے ساتھ معاہدہ ہے، اس پر میری تمام تر توجہ مرکوز ہے،میری خواہش ہے کہ کاؤنٹی سیزن میں اچھی کرکٹ کھیلوں۔کوچنگ کرنے کے حوالے سے اظہر علی نے کہا کہ ابھی حالیہ دنوں میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے، ابھی میں انجوائے کر رہا ہوں، آگے دیکھتے ہیں کہ کیا معاملات ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ اظہر علی بھی پاکستان سپر لیگ کے شروع ہونے کے منتظر ہیں،وہ کہتے ہیں کہ سب لوگوں کی طرح میں بھی پاکستان سپر لیگ کے لیے پرجوش اور منتظر ہوں، اب چونکہ پاکستان میں ہی میچز ہوتے ہیں اس لیے بہت مزہ آتا ہے، کرکٹ شائقین کافی تعداد میں میچ دیکھنے کے واسطے آتے ہیں ، اس لیے بھی بہت اچھا لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہر سیزن میں ہمیں اچھے کھلاڑی دیکھنے کو ملتے ہیں، امید ہے کہ اس مرتبہ بھی ہمیں نئے پلیئرز ملیں گے۔