Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Jan.
پٹنہ، 20 جنوری:بہار میں حکمراں عظیم اتحاد میں اپنے بیانوں اور الفاظ کی وجہ سے سابق وزیر زراعت اور ا?ر جے ڈی ایم ایل اے سدھاکر سنگھ نے نو ٹس ملنے کے بعد پہلی بار اپنا رد عمل دیا ہے۔ سدھاکر سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے جو الفاظ استعمال کیے ہیں وہ غیر پارلیمانی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں جاری کئے گئے نوٹس کا مقررہ وقت میں جواب دیں گے۔جمعہ کے روز میڈیا کے ساتھ ایک مختصر ملاقات میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے سدھاکر سنگھ نے کہا ‘ میری معلومات کے مطابق جیسا کہ سبھی کہتے ہیں عظیم اتحاد کے لیڈر نتیش کمار ہیں۔ اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کیسے چلائیں گے۔ میرے بیانات میں کوئی قابل اعتراض لفظ نہیں ہے۔ میں نے جو الفاظ استعمال کیے ہیں۔ وہ لفظ پارلیمانی ہے۔ سدھاکر سنگھ نے کہا کہ جب ہم قانون ساز اسمبلی یا قانون ساز کونسل میں جاتے ہیں تو ہمیں سکھایا جاتا ہے کہ کون سا لفظ پارلیمانی ہے اور کون سا غیر پارلیمانی ہے۔ اس بارے میں معلومات دی جاتی ہیں۔ میرے استعمال کردہ الفاظ مضبوط تو ہو سکتے ہیں لیکن غیر پارلیمانی نہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سدھاکر سنگھ کچھ عرصے سے مسلسل متنازعہ بیانات دے رہے تھے۔ جس کے بعد ا?ر جے ڈی کی مرکزی قیادت نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف 18 جنوری کو نوٹس جاری کیا تھا۔ جس میں ان سے پوچھا گیا کہ عظیم اتحاد ان کے بیانات سے بے چینی محسوس کر رہا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ سدھاکر سنگھ کو بھی اپنا جواب دینے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ نوٹس جاری ہونے کے دو دن بعد سدھاکر سنگھ نے اپنا جواب دیتے ہوئے یہ ساری باتیں کہیں۔