Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Feb
نئی دہلی ، 3فروری : رانجی ٹرافی 2022-23 سیزن کے چار کوارٹر فائنل میچوں میں سے تین کے نتائج آ گئے ہیں۔ بنگال، کرناٹک اور مدھیہ پردیش نے اپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوراشٹرا اور پنجاب کے درمیان کھیلا جا رہا کوارٹر فائنل میچ دلچسپ موڑ پر پہنچ گیا ہے،جس کا نتیجہ ہفتہ یعنی آج آئے گا۔پہلے کوارٹر فائنل میچ میں بنگال نے یک طرفہ فتح درج کی۔ بنگال کے گیند بازوں نے جھارکھنڈ کی پہلی اننگز کو صرف 173 رنز پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد بنگال نے اپنی پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے۔یہاں بنگال کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 155 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد جھارکھنڈ کی دوسری اننگز بھی سستے میں ختم ہوگئی۔ جھارکھنڈ نے دوسری اننگز میں صرف 221 رنز بنائے۔ اس طرح بنگال کو صرف 67 رنز کا ہدف ملا جو ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بنگال کے بولر آکاش دیپ 6 وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ منتخب ہوئے ۔دوسرے کوارٹر فائنل میں کرناٹک نے اتراکھنڈ کو اننگز اور 281 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ یہاں کرناٹک کے گیند بازوں نے اتراکھنڈ کی پہلی اننگز کو صرف 116 رنز پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد کرناٹک کی ٹیم نے اپنے ٹاپ اور مڈل آرڈر کی شاندار بلے بازی کی بدولت پہلی اننگز میں 606 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر 490 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد کرناٹر نے اتراکھنڈ کی دوسری اننگز کو 209 رنز پر سمیٹ دیا۔ شریس گوپال کو ان کی آل راؤنڈر کارکردگی (161 رنز کی اننگز اور تین وکٹ) کی بنیاد پر پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔مدھیہ پردیش کو اپنے کوارٹر فائنل میچ میں تھوڑا سا چیلنج ملا۔ یہاں آندھرا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 379 رنز کا بڑا اسکور بنایا، جس کے جواب میں ایم پی کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 228 رنز بنا سکی۔ پہلی اننگز میں پیچھے رہنے کے بعد ایم پی گیند بازوں نے آندھرا کی دوسری اننگز میں خطرناک بولنگ کی ۔ آندھرا کی دوسری اننگز صرف 93 رنز پر سمٹ گئی۔ یہاں ایم پی کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف ملا، جو 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایم پی بولر پرتھوی راج 7 وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ منتخب ہوئے ۔ وہیں سوراشٹرا نے کوارٹر فائنل میچ کی پہلی اننگز میں 303 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پنجاب کی ٹیم 431 رنز بنا کر اسکور بورڈ پر کھڑی ہو گئی۔ یہاں سوراشٹرا نے دوسری اننگز میں مقابلہ کیا اور 379 رنز بنا کر پنجاب کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک پنجاب کی ٹیم 52 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ پنجاب کو جہاں آخری دن 200 رنز درکار ہیں وہیں سوراشٹرا کو 8 وکٹ لینے ہوں گے۔