Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th March
وارانسی، 24 مارچ: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی کے میدان میں 1780 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پہلے کاشی کی ترقی کو لے کر خدشات ظاہر کیے جاتے تھے، لیکن آج یہاں گزشتہ نو برس میں جو ترقی ہوئی ہے، اس کا پورے ملک اور دنیا میں ذکر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کاشی آرہا ہے ،وہ یہاں سے نئی توانائی لے رہا ہے۔ آج کاشی میں قدیم اور نیا، دونوں روپ ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔ جو لوگ مجھ سے ہندوستان اور بیرون ملک ملتے ہیں، وہ مجھے بتاتے ہیں کہ وہ وشوناتھ دھام کی تعمیر نو سے کس طرح متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشی آنے والے سیاحوں میں بنارسی ساڑیاں، لکڑی کے کھلونے اور دیگر بہت سی چیزیں مشہور ہو رہی ہیں۔ مودی نے کہا، ’’ہر ماہ 50 لاکھ سے زیادہ لوگ بنارس آ رہے ہیں۔ بنارس آنے والے لوگ اپنے ساتھ بنارس کے ہر خاندان کے لیے آمدنی کے ذرائع لا رہے ہیں۔ یہاں آنے والے سیاح روزگار اور خود روزگار کے ذرائع پیدا کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 8-9 برس کے ترقیاتی کاموں کے بعد بنارس جس رفتار سے ترقی کر رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اسے نئی رفتار دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج بنارس کو صاف پانی، تعلیم اور کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا تحفہ مل رہا ہے، جس کی وجہ سے کاشی کی سہولت اور کشش دونوں میں اضافہ ہوگا۔