Taasir Urdu News Network – MD ARSHAD 27 APRIL
دنتے واڑہ،26اپریل ( اے یوایس) چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں ماؤنوازوں نے سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا ہے۔جس میں 10 سیکورٹی فورسیز ہلاک ہو گئے۔ ایک ڈرائیور کی موت کی بھی خبر ہے۔ اطلاع کے مطابق، آرن پور تھانہ علاقے میں ماؤنواز کیڈر کی موجودگی کی اطلاع پر نکسل مخالف آپریشن کے لیے دنتے واڑہ سے ڈی آر جی فورس بھیجی گئی تھی۔ مہم کے بعد واپس آتے ہوئے، ماؤنوازوں نے آرن پور روڈ پر آئی ای ڈی کا دھماکہ کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اضافی نفری موقع پر بھیج دی گئی ہے۔ اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے نکسلیوں کے خلاف مسلسل کارروائی کی جا رہی تھی۔ نکسلیوں کی طرف سے بھی مسلسل گھات لگا کر حملے کئے جا رہے ہیں۔ پچھلے مہینے، بیجاپور میں سی اے ایف کا ایک جوان ماؤنوازوں کی طرف سے لگائے گئے پریشر آئی ای ڈی کی زد میں آکرہلاک ہو گیا تھا۔اس سے پہلے 9 مارچ کو چھتیس گڑھ کے سکما میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔ مقابلے کے بعد بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور بیرل گرینیڈ لانچر برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا کہ تصادم میں 5 سے 6 نکسلائیٹس زخمی ہوئے ہیں۔ یہ انکاؤنٹر 9 مارچ کو صبح 7 بجے سکما کے سکلر علاقے میں ہوا تھا۔ کوبرا بٹالین اور ایس ٹی ایف کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ نکسلیوں کا انکاؤنٹر ہوا۔