چلتی بس میں اچانک لگی آگ، مسافروں نے کود کربچائی جان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN – MAY

بھنڈ، 7 مئی:ضلع کے عالم پور میں اتوار کی صبح ایک مسافر بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں آگ پھیل گئی اور پوری بس کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس دوران بس میں بیٹھے مسافروں نے کھڑکی سے کود کر اپنی جان بچائی۔ غنیمت رہی کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بس میں رکھا مسافروں کا سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا۔معلومات کے مطابق شیتلا ٹریولس کی بس نمبر ایم پی 07 پی 8999 روزانہ صبح 9 بجے عالم پور سے گوالیار کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ اتوار کی صبح بھی بس معمول کے مطابق مسافروں کو لے کر گوالیار کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ اس دوران جیسے ہی بس عالم پور سے تین کلومیٹر دور ٹیڑا گاو?ں کے قریب پہنچی تو اچانک بس میں آگ لگ گئی۔ بس سے آگ کے شعلے نکلتے دیکھ کر ڈرائیور نے بس کو سڑک کے بیچوں بیچ روک دیا۔
آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ کسی طرح تمام مسافروں نے بس سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مسافروں میں سے کسی کو بھی اپنا سامان اٹھانے کا موقع نہیں ملا۔ بس میں رکھا سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا۔ بس کی چھت پر رکھی سائیکل اور دیگر سامان بھی راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ بس میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی عالم پور سے فائر بریگیڈ پہنچی۔ فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا، غنیمت رہی کہ تمام مسافر بروقت بس سے باہر نکل گئے، ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔