پی ٹی آئی نے ہر ریڈ لائن کو کراس کیا ہے: بلاول بھٹو

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –11  MAY

اسلام آباد ،11مئی: پاکستان کے وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہر ریڈ لائن کو کراس کر دیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گولی، بندوق اور پتھر کے استعمال کا راستہ اپنایا ہے۔ جبکہ جمہوریت ہی مسائل کا حل ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جو خرابی اور نقصان کرنا تھا کر لیا لیکن اب حالات کو قابو کریں۔ انھوں نے کہا کہ بہت پہلے کہا تھا کہ تخت لاہور کی لڑائی سے نقصان پاکستان کا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جو تماشا ہو رہا ہے کہ ایک آدمی کو اگر آٹھ روز کا ریمانڈ ملا تو اس کی جماعت دہشت گردی اور بغاوت پر اتر آئے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو سب کے لیے انصاف برابر ہونے کا کہتے تھے تو وہ خود کیوں قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔انھوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ پہلا سوال یہ ہے کہ کیا پی ٹی آئی سیاسی جماعت رہنا چاہتی ہے۔ اگر ہے تو پھر وہ امن کا راستہ لیں اور شر پسند عناصر سے خود کو علیحدہ کریں۔