پارٹی کارکنان عوام کو بتائیں حالت زار کے زمانے کا سچ اور بی جے پی کی ترقی کی کہانی : شرما

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19  MAY

بھوپال، 19 مئی: آج کے جو نوجوان ہیں، انہیں ملک اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کے دور حکومت کی حالت زار کی جانکاری نہیں ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اپنے نو سالوں میں نہ صرف ملک اور ریاست کی تصویر بدلی ہے بلکہ سیاست میں ایک نئے ورک کلچر کا آغاز کیا ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کو اس بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم مودی کی حکومت 30 مئی کو اپنے نو سال مکمل کر رہی ہے۔ اس موقع پر 30 مئی سے 30 جون تک خصوصی عوامی رابطہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ کارکنان، عہدیداران اور عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی پوری طاقت کے ساتھ متحد ہوجائیں اور گھر گھر جاکر بنٹادھار کے دور کی حقیقت اور بی جے پی کی ترقی کی کہانی لوگوں کو بتائیں۔
یہ بات بی جے پی کے ریاستی صدر وشنودت شرما نے جمعہ کو بھوپال میں پارٹی کی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے افتتاحی جلسہ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت مثالی ہے جس نے ملک اور ریاست میں تاریخ رقم کی ہے۔ ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے۔ جہاں ایک طرف وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان نے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے وہیں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اپنی محنت اور حساسیت سے عوام کا اعتماد جیت لیا ہے۔ پہلے کی حکومتیں روٹی، کپڑا اور مکان کی باتیں کرتی تھیں۔ مودی جی کی حکومت نے ہر غریب کا معیار زندگی بلند کیا ہے۔ مودی جی کی حکومت نے ہر غریب کو چھت دی ہے، کوئی بھوکا نہ سوئے، اسی لیے مودی حکومت ہر غریب کو پانچ کلو اناج دے رہی ہے۔ ہر غریب کا پانچ لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ دوسری طرف ریاست کی شیوراج حکومت بیمارو ریاست کو ترقی دے کر سنہری مدھیہ پردیش بنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی کانگریس کے خون میں شامل ہے۔ دھوکہ اور فریب کی سیاست کرنے والے ریاست کو پستی میں ڈھکیل کر بنٹادھار کرنے والے کانگریس کے دگ وجے سنگھ جیسے لیڈر آج پھر جھوٹ پروس رہے ہیں۔ یہ وہی دگ وجے سنگھ ہیں، جن کے بارے میں کانگریس حکومت کے وزیر امنگ سنگھار نے کہا تھا کہ وہ سب سے بڑا لینڈ مافیا، شراب مافیا اور ریت مافیا ہیں۔ 15 ماہ کی کانگریس حکومت کے ایک اور وزیر ڈاکٹر گووند سنگھ نے کہا تھا کہ بدعنوانی اتنی بڑھ گئی ہے کہ ٹی آئی ریٹ طے کرتے ہیں اور پیسہ اوپر چلا جاتا ہے۔ انہوں نے ولبھ بھون کو دلالی کی اڈا بنا لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور غداری کانگریس کے جینز میں ہے۔ ملک میں ایمرجنسی لگانے میں کمل ناتھ کا بڑا رول رہا ہے۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن ڈاکٹر ستیہ نارائن جٹیا، پارٹی کی علاقائی تنظیم کے جنرل سکریٹری اجے جاموال، ریاستی انچارج مرلیدھر راو?، شریک انچارج اور رکن اسمبلی ڈاکٹر رام شنکر کٹھیریا، پارٹی کے ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری ہیتا نند شرما، مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگھ، کیلاش وجے ورگیہ، لوک سبھا کے چیف وہپ راکیش سنگھ، سابق ریاستی صدر وکرم ورما، پربھات جھا، مرکزی وزیر وریندر کمار کھٹیک، فگن سنگھ کلستے، مہاراشٹر کے شریک انچارج جے بھان سنگھ پویا، قومی خزانچی سدھیر گپتا، ایس سی ایس ٹی مورچہ کے قومی صدر لال سنگھ آریہ، ریاستی وزیر بھوپیندر سنگھ، سابق وزیر راجندر شکل اور پارٹی کی ریاستی جنرل سکریٹری کویتا پاٹیدار موجود تھے۔