TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
گیا، 19 مئی: بہار کے گیا ضلع میں عازمین حج کو ریال ملنے شروع ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے مین برانچ میں باضابطہ کیمپ لگا کر ریال دیا گیا۔ پہلے دن پندرہ سے زیادہ عازمین حج کو ریال دیا گیا جس میں زیادہ تر عازمین کا تعلق گیا شہر سے تھا۔
اسٹیٹ بینک آف انڈیا مین برانچ کے چیف منیجر ششی کانت پرساد نے بتایا کہ اس سال عازمین حج کو سعودی ریال دستیاب کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ گذشتہ روز سے ریال دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ دو ہزار سے پچیس سو ریال تک عازمین لے رہے ہیں۔ زرمبادلہ انڈین کرنسی کے مطابق ہے اور زرمبادلہ کی قیمت ہردن کم و زیادہ ہوتی ہے۔ اس لیے اسی حساب کے مطابق انڈین روپے لیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی ریال لینے کے لیے عازمین حج کو اپنا کور کاغذ کے ساتھ پاسپورٹ کاپی لانا ہے۔ جتنا ریال لینا ہے، اس کے مطابق انڈین روپے جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو یہاں بینک میں پہلے استقبال کیا گیا۔ ان کے لیے ٹھنڈے مشروبات اور پانی وغیرہ کا انتظام کیا گیا۔ باضابطہ بینک میں عازمین حج کے استقبال کے لیے بینر بھی لگائے گئے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ سائبر ٹھگوں کے شکار نہیں ہوں۔ سرکاری اداروں اور ایجنسیوں سے ہی ریال خریدیں۔ کسی شخص کے بہکاوے میں ہرگز نہیں آئیں کیونکہ کئی جگہوں سے خبر ملتی ہے نقلی ریال برآمد ہوئے ہیں۔ اگر ایسے لوگوں کی زد میں عازمین حج آگئے تو انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسٹیٹ بینک کو ریال دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس لئے اپنے ضلع کے ہیڈ برانچ سے رابطہ کریں۔ گیا میں ہیڈ برانچ کے علاوہ بودھ گیا ایس بی آئی برانچ میں بھی زرمبادلہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔