آئی پی ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے کوہلی، گیل کو پیچھے چھوڑ دیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22  MAY

نئی دہلی، 22 مئی: عظیم بلے باز وراٹ کوہلی نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے اتوار کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف 61 گیندوں پر ناٹ آوٹ101 رن بنا کر انڈین پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یہ آئی پی ایل میں کوہلی کی ساتویں سنچری تھی، جس سے وہ لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔ گذشتہ جمعرات کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف اپنے پچھلے میچ میں، انہوں نے سنچری بنا کر ویسٹ انڈیز کے عظیم کرس گیل کے چھ آئی پی ایل سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔
اس کے ساتھ ہی کوہلی آئی پی ایل میں بیک ٹو بیک سنچریاں (گجرات کے خلاف 101 ناٹ آؤٹ اور حیدرآباد کے خلاف 100)بنانے والے صرف تیسرے بلے باز بن گئے ۔ اس سے قبل یہ کارنامہ شیکھر دھون نے 2020 میں دہلی کیپٹلز کے لیے اور جوس بٹلر نے گزشتہ سیزن میں راجستھان رائلز کے لیے انجام دیا تھا۔
کوہلی کے ریکارڈ ساز کارنامے نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو 20 اوور میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف 5 وکٹ پر 197 رن بنانے میں مدد کی۔ تاہم، شبھمن گل (52 گیندوں پر 104 ناٹ آؤٹ) کی سنسنی خیز سنچری کی مدد سے گجرات نے ہدف 19.1 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی آر سی بی سیزن سے باہر ہو گئی۔ آر سی بی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں 14 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔