دورہ آسٹریلیا کے آخری دو میچوں میں ہماری توجہ اپنے ڈیفنس پر ہوگی:دیپ گریس ایکا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –24  MAY

ایڈیلیڈ، 24 مئی: ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی نائب کپتان دیپ گریس ایکا نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے آخری دو میچ جیتنے کے لیے ہماری توجہ اپنے ڈیفنس کو مضبوط کرنے پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی یہ 19ویں ایشین گیمز ہانگ زو 2022 جیسے آنے والے بڑے ٹورنامنٹ میں مضبوط کارکردگی کے لیے بھی اہم ہوگا۔
آسٹریلیا کے دورے پر پہنچی ہندوستانی خواتین ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کے خلاف پہلے تین میچ کھیلے ہیں۔ پہلے دو میچوں میں ٹیم کو بالترتیب 2-4 اور 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد تیسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کی اور میچ 1-1 سے ڈرا کرانے میں کامیاب رہی۔ مہمان ٹیم دورہ کے اپنے آخری دو میچوں میں آسٹریلیا ‘اے’ کا مقابلہ کرے گی۔ 25 اور 27 مئی کو ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا اے کے خلاف کھیلے گی۔
ہندوستانی ٹیم نے تینوں میچوں میں شاندار حملہ آور صلاحیت کا مظاہرہ کیا لیکن وہ آسٹریلیا کو گول کرنے سے روکنے کے لیے جدوجہد کر تی رہی ۔
ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری ایک بیان میں ٹیم کی نائب کپتان دیپ گریس ایکا نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلے تین میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر حملے کے معاملے میں۔ تاہم، ہم نے کچھ گول کھائے، جو نہیں ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم اگلے دو میچوں میں اپنے دفاع کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور باقی میچ جیت کر اپنے دورے کواچھی کارکردگی کے ساتھ ختم کرنا چاہتے ہیں‘‘۔