TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –1 JUNE
ممبئی، یکم جون:مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے احمد نگر کا نام بدلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 31 مئی کو انھوں نے اس تعلق سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب احمد نگر ‘اہلیادیوی ہولکر نگر’ کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ نے مالوہ ریاست کی رانی اہلیا بائی ہولکر کے مقامِ پیدائش احمد نگر کے چونڈی میں اہلیابائی ہولکر کی 298ویں جینتی سے متعلق منعقد ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی موجود تھے۔دیویندر فڑنویس نے اپنے خطاب میں احمد نگر کا نام بدل کر اہلیادیوی ہولکر نگر رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ پھر جب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جلسہ عام سے خطاب کرنے آئے تو انھوں نے کہا کہ ”سب کی خواہش یہی ہے۔ اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ احمد نگر کا نام بدل کر اہلیادیوی ہولکر نگر’ کیا جائے گا۔” اس کے علاوہ آج مہاراشٹر حکومت نے مزید ایک اعلان کیا۔ ریاستی وزیر گریش مہاجن نے بارامتی گورنمنٹ میڈیکل کالج کا نام ‘پُنیہ شلوک اہلیادیوی ہولکر گورنمنٹ میڈیکل کالج’ کرنے کا اعلان کیا۔بہرحال، احمد نگر کا نام بدلے جانے کے بارے میں ایکناتھ شندے نے کہا کہ ”اہلیادیوی کے مائیکہ کا سرنیم شندے ہے اور میں بھی شندے ہوں۔ آج یہاں رام بھاو? شندے اور گوپی چند پڈلکر نے یہ مطالبہ رکھا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور میری بھی یہی خواہش ہے۔ آپ سب کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے احمد نگر ضلع کا نام اہلیادیوی ہولکر نگر کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔” ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ”اہلیابائی کا رول ماڈل اپنے سامنے رکھ کر ہم کام کر رہے ہیں۔ آج میں اس تاریخی تقریب میں موجود ہوں۔ دیویندر فڑنویس اور مجھے یہاں موجود ہونے پر فخر ہے۔ اہلیادیوی کی کارگزاری ہمالیہ کی طرح عظیم ہے۔ اس لیے احمد نگر کو ان کا نام دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ہماری مدت کار میں ہو رہا ہے، یہ ہماری خوش قسمتی ہے۔”