مستقبل کی کامیابی طالب علمی کے زمانے سے ہی درخشاں ہوتی ہے: مولانا شاہ ضیاء المجتبی کامل

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –3   JUNE

مظفرپور:3/مئی (اسلم رحمانی)آپ دور دراز سے چل کر یہاں آئے ہیں اس لیے آپ اپنی ساری توانائی تعلیم پر صرف کریں-  تعلیم سے ہی ملت کی تقدیر سنور سکتی ہے۔آپ اپنی فکر میں گہرائی اور گیرائی پیدا کریں-بڑا بننے کا حوصلہ اور جنون پیدا کریں-اپنے اندر خدمت دین پیمبر کا جذبہ بیدار کریں۔میں نے دیکھا ہے بڑے بڑے نامورعلم والے کام نہ کرنے کی وجہ سے سے گمنامیوں کے پردے میں بوجھل ہو گیے لیکن خدمت کاحوصلہ رکھنے والا معمولی گھرانے کا عالم بھی ملت کی نگاہوں میں محبوب و مفتخر ہو گیا ہے-مستقبل کی کامیابی طالب علمی کے زمانے سے ہی درخشاں ہوتی ہے۔آپ طالب علمی کے زمانےسے ہی اپنے ہم عصروں میں تعلیم و تربیت اور خدمت کی بنیاد پر منفرد اور ممتاز بننے کی سعی پیہم کریں تب  آگے چل کر آپ ملت کا قائد اور رہنما بن سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار’خانقاہ جنابیہ تیغیہ حسینی شریف’ مشرقی چمپارن کے صاحب سجادہ ‘پیر طریقت’ مولانا شاہ ضیاء المجتبی کامل نےجامعہ مشکات العلماء ‘بیریا’مظفر پور  کے طلبا کو خطاب کرتے ہوئےکیا- مزید انہوں نے کہا کہ اپنی جماعت کے جواں سال فاضل مولاناثناءاللہ اطہرمصباحی اور ان کی جفاکش ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں یہ ادارہ تعلیمی ارتقا کی منزلیں طے کرتا جا رہا ہے -بہت ہی کم عرصے میں اس ادارے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے-  مزید یہ ادارہ بلندیوں کے آسمان تک پہنچے۔میری نیک دعائیں اور تمنائیں اس ادارے کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر شہر کے معروف دانشور’ اے این ہاسپیٹل ماری پور کے چیئرمین ڈاکٹر محمد علاؤالدین انصاری نے کہا کہ یہ ہمارے شہر کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس کی آغوش میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہند و نیپال کے مختلف حصوں سے طالب علموں کے قافلے اتر رہے ہیں- یہاں کے باذوق طلبا سے مل کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے میں ان طالب علموں سے یہی کہنا چاہوں گا کہ آپ ملک و ملت کے مستقبل ہیں اس لیے پوری لگن اور توانائی کے ساتھ تعلیم کی تحصیل میں سرگرداں رہیں اور اپنے والدین’ شہر اور علاقے کا نام روشن کریں -اس موقع پر زیڈ-این ہاسپیٹل برہمپورہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عالم انصاری نے کہا کہ آج کے اس پرفتن دور میں دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت بہت ہی بڑھ گئی ہے- تعلیمی بیداری کے حوالے سے مشکات العلماء کا کارنامہ سراہے جانے کے قابل ہے-  ادارے میں تشریف لائے سارے مہمانوں کا  گل پوشی کے ذریعے شاندار استقبال کیا گیا -اخیر میں تحریک اصلاح ملت کے ڈائریکٹر مولانا ثناءاللہ اطہر مصباحی نے سارے حاضرین کا شکریہ ادا کیا -پیرطریقت مولاناشاہ ضیاء المجتبی کامل کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا- محفل میں کوثر علی چمپارنی کے علاوہ مشکات العلماء کے اساتذہ مولانا احمد رضا مصباحی’ مولانا اظہر القادری مصباحی’مولانا توحید اختر مصباحی اور مولانا توصیف رضا مصباحی وغیرہ موجود تھے-