نکہت زرین سیمی فائنل میں پہنچیں، کوارٹر فائنل میں فتح کے ساتھ تمغہ بنایا یقینی

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -29 SEPT  

نئی دہلی ، 29ستمبر:ایشین گیمز 2023 میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب انڈیا کی اسٹار باکسر نکہت زرین نے خواتین کی 45 سے 50 کلوگرام کیٹیگری کا کوارٹر فائنل میچ جیت کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب اس ایونٹ میں میڈل بھی یقینی ہو گیا ہے۔ نکہت زرین کے کوارٹر فائنل میں اردن کی حنان نصر کے ساتھ ان کی یک طرفہ کارکردگی دیکھنے میں آئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نکہت زرین نے 2024 میں پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز کا کوٹہ بھی حاصل کر لیا ہے۔نکہت زرین اس کوارٹر فائنل میچ میں شروع سے ہی کافی جارحانہ نظر آئیں۔ نکہت نے پہلا راؤنڈ صرف 53 سیکنڈ میں جیت لیا۔ اردنی کھلاڑی نکہت زرین کے کھیل کے سامنے بالکل بے بس نظر آیا۔ نکہت نے میچ صرف 127 سیکنڈز میں ختم کرکے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ہندوستان نے 19ویں ایشیائی کھیلوں میں اب تک کل 32 تمغے جیتے ہیں۔ اس میں سونے کے 8، چاندی کے 12 اور کانسی کے 12 تمغے شامل ہیں۔ ہندوستان نے شوٹنگ اور روئنگ کے مقابلوں میں اب تک سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کو اس بار گھڑ سواری میں بھی تمغہ ملا ہے۔ 29 ستمبر کو ہندوستان کا پہلا تمغہ ٹینس میں چاندی کے تمغے کی شکل میں آیا۔ ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی ساکیتھ مائنینی اور رام کمار رامناتھن کو فائنل میچ میں شکست کے بعد چاندی کے تمغے سے ہی مطمئن ہونا پڑا۔وہیں شوٹنگ میں، ہندوستان نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سونے اور چاندی کے دونوں تمغے جیتے۔ اس میں ایشا پالک نے 242.1 اسکور کرکے گولڈ میڈل جیتا جبکہ ایشا سنگھ نے 239.7 اسکور کرکے چاندی کا تمغہ جیتا۔ہندوستان کی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے ایشیائی کھیلوں میں سیمی فائنل میں جگہ بنا کر تمغہ جیت لیا ہے۔ بیڈمنٹن ٹیم نے کوارٹر فائنل میچ میں نیپال کیخلاف 3-0 سے یک طرفہ فتح درج کی۔ 1986 کے ایشیائی کھیلوں کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم ایشیائی کھیلوں میں تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔